ترکی کی قومی ائیرلائن 'ترکش ائیرلائن' نے بھی پاکستان کے لئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مصطفیٰ یورداخل نے پیغام جاری کرتے ہوئے یہ خبر دی ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ فلائٹ آپریشن اگلے ماہ 2 جولائی سے شروع کیا جائے گا جس کے تحت لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے براہ راست ہفتے میں 4 روز ترکی کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی، پروازیں آپریشن منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو چلائی جائیں گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان کے لئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اماراتی ائیرلائن کی جانب سے لاہور، کراچی، اسلام آباد کے بعد سیالکوٹ کیلئے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ کچھ ن قبل حکومت پاکستان نے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا نوٹم جاری کردیا تھا، ایس او پیز کی تمام تر پابندی کے ساتھ تمام غیرملکی مسافر اور چارٹر پروازوں کو پاکستان کے بین الاقوامی ایئر پورٹس پر آمدورفت کی اجازت ہوگی۔


نوٹم کے مطابق پروازوں کو پاکستان میں آپریٹ کرنے کے لیے سلاٹس کے اوقات کار سی اے اے جاری کرے گا تاہم گوادر اور تربت کے لیے پروازوں پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔ خیال رہے کہ 16جون کو وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی فضائی حدود کھولنے کی اجازت دیدی تھی، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ویزراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی سید زلفی بخاری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ عمران خان، اس مشکل وقت میں سمندر پار پاکستانیوں کی ضرورت کو سمجھنے اور فضائی حدود کھولنے کی اجازت دینے کیلئے آپکا شکریہ۔
ان تمام اقدامات کے بعد اب ترکی کی قومی ائیر لائن نے بھی اگلے ماہ سے پاکستان کے لئے پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے جس کی تصدیق خود پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مصطفیٰ یورداخل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کی ہے۔

No comments:

Post a Comment